مسئلہ کشمیر فوری حل نہ کیا گیا تودنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہوگی‘ سینٹر لفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

منگل 25 اکتوبر 2016 18:45

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیراعظم کے خصوصی اہلچی برائے کشمیر سینٹر لفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اگر اب فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو پوری دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہوگی۔ پاکستان حکومت مسئلہ کشمیر کا حل پرامن طور پر چاہتی ہے لہٰذا بھارت کو بھی اپنی ہٹ دھرمی ختم کرتے ہوئے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

وہ برطانیہ میں برمنگھم اور مانچسٹر میں حکومتی نمائندوں اور پاکستانی تنظیموں کے عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جنرل عبدالقیوم مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی طور پر پاکستان سے لندن آئے ہیں۔ وہ جمعرات کو اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔ جنرل عبدالقیوم نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ہائوس آف کامنز اور ہائوس آف لارڈز میں بھی برطانوی پارلیمنٹرینز سے ملاقاتیں کی اور انہیں بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات بتائیں۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں اور سات لاکھ بھارتی فوج نے پورے مقبوضہ کشمیر کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔