جماعت اسلامی پنجاب کی سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت

پاکستان کوپُر امن بنانے کیلئے دشمن کی سازشوں کوناکام بنانے کی ضرورت ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 25 اکتوبر 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کوئٹہ میں پولیس تربیتی کالج کے ہاسٹل پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 70سے زائد افرادکی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پیشگی اطلاعات کے باوجود دہشت گردوں کاہاسٹل پر حملہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے گلی محلوں تک پہنچ گئی ہے۔ایک سازش کے تحت پاکستان کے دفاعی اداروں کونشانہ بنایاجارہا ہے جس میں بیرونی دشمن قوتوں کے ہاتھ کو خارج ازامکان قرارنہیں دیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کوناکام بنانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کروارہاہے۔جب تک بھارت کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیاجاتاوہ بازآنے والا نہیں۔پاکستان کو پُرامن بنانے کے لیے دشمن کی تمام سازشوں کوناکام بنانے کی ضرورت ہے۔