ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملے اور معصوم جوانوں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے‘ڈاکٹر حیدر اشرف

کوئٹہ میں ہمارے 60جانباز سپاہیوں نے قربانی دے کر اپنے خون سے وطن عزیز کے گلشن کی آبیار ی کی ہے‘تقریب سے خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشر ف نے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملہ کی پرزور مزمت کرتے ہیں اور شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں ٬ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملے اور معصوم جوانوں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ٬پولیس نے ہمیشہ اس وطن کے رہنے والوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ عالمی بازار کے تاجر حاجی محمد حنیف و دیگر تاجر رہنمائوں کی جانب سے محرم الحرام میں بہترین خدمات سر انجام دینے پر لاہور پویس کو خراج تحسین پیش کرنے اور شہد ا کوئٹہ کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ تقریب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس پی سٹی محمد نوید ٬ ایس پی مجاہد سید قرار حسین ٬ایس پی کینٹ طارق مستوئی ٬ سنئیر صحافی نوید چوہدری ٬ تاجر محمد حنیف خواجہ بشارت کربلائی ٬عثمان نوری ودیگر علماء کرام اور تاجروں نے شرکت کی ۔

انہوںنے کہاکہ کوئٹہ میں ہمارے 60جانباز سپاہیوں نے قربانی دے کر اپنے خون سے وطن عزیز کے گلشن کی آبیار ی کی ہے ۔دہشت گردوں نے پولیس پر نہیں بلکہ سا لمیت پر حملہ کیا ہے لیکن ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ اس شہر کے باسیوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کا بھی نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔پولیس اور عوام مل کر دہشتگردوں کے تمام مذموم ادارے خاک میں ملا سکتے ہیں۔

ہماری تمام ہمددریاں کوئٹہ شہد ا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ اس شہر کی طرف میلی آنکھ اٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دینگے ۔ عوام کسی بھی قسم کے مشکوک فرد یا چیز کی صورت میں فوراًپولیس سے رابطہ اور تعاون کریں ۔ اپنے محلہ میں نئے کرایہ دار یا دکاندار کے آنے پر فوراًپولیس اسٹیشن میں اندراج کروائیں ۔ خواجہ بشارت کربلائی ٬محمد عثمان نوری اور تاجر رہنما محمد حنیف نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران لاہور پولیس نے جس بہترین جذبہ کے تحت فرائض سرانجام دیے ہیں و ہ بے مثال ہیں ۔ہم ہرمشکل گھڑی میں لاہور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیا رہیں۔