جمعہ کو ناموس مصطفی ؐ کے موضوع پر خطبات دئیے جائیں ٬آسیہ ملعونہ کو سزا دلوانے کیلئے رائے عامہ کو ہموار کیا جائے‘ آل پارٹیز کانفرنس

اگر حکومت نے آسیہ ملعونہ کو رہا کرنے کی کوشش کی تو لاہور سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا٬ممتاز حسین قادری کی پہلی برسی کے موقع پر یکم مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں عالمی لبیک یارسول اللہ ﷺ کانفرنس ہوگی٬ 31 اکتوبریوم غازی علم الدین منایا جائے گا قانونِ ناموس رسالت 295c کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ٬ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے حکومت ایسے لوگوں کا فوری محاسبہ کرے‘تحریک لبیک یا رسول اللہ ا کے زیر اہتمام اہل سنت تنظیمات اور اہم شخصیات پر مشتمل کانفرنس سے اشرف آصف جلالی ٬ میاں ولید احمد شرقپوری ٬ پیرسید محمدنویدالحسن مشہدی ٬میاں محمد ابوبکر شرقپوری و دیگر کا خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ ا کے زیر اہتمام اہل سنت تنظیمات اور اہم شخصیات پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ جمعة المبارک کو ناموس مصطفی ﷺ کے موضوع پر خطبات دئیے جائیں اور آسیہ ملعونہ کو سزا دلوانے کے لئے رائے عامہ کو ہموار کیا جائے٬ اگر حکومت نے آسیہ ملعونہ کو رہا کرنے کی کوشش کی تو لاہور سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا٬تحقیقی سیمینارز کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ان شاء اللہ تعالیٰ 27 نومبر کو ایوانِ اقبال لاہور میں 12 بجے دن ناموس مصطفی ﷺ سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں قانونِ ناموس رسالت پہ اعتراضات کے جوابات آئینی اور فقہی دلائل پر مشتمل مقالہ پیش کیا جائے گا٬ ممتاز حسین قادری کی پہلی برسی کے موقع پر یکم مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں عالمی لبیک یارسول اللہ ﷺ کانفرنس ہوگی٬ 31 اکتوبریوم غازی علم الدین منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تحریک لبیک یا رسول اللہ ا کے زیر اہتمام اہل سنت تنظیمات اور اہم شخصیات پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس کا ایوانِ اقبال میں انعقاد کیا گیا۔آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت تحریک لبیک یا رسول اللہ اکے چیئرمین اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کی ۔سربراہ تحریک لیبک یارسول اللہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ٬ میاں ولید احمد شرقپوری مرکزی رہنما تحریک لبیک یا رسول اللہا٬ پیرسید محمدنویدالحسن مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف٬میاں محمد ابوبکر شرقپوری سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف٬محمد شاہد غوری مرکزی رہنما پاکستان سنی تحریک و دیگر رہنما ئوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قانونِ ناموس رسالت 295c کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ٬295Cکے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے حکومت ایسے لوگوں کا فوری محاسبہ کرے۔

بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یورپ میں ہی نہیں پاکستان میں بھی گستاخیوں کا مذموم سلسلہ بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ آئے دن توہین رسالت توہین قرآن اور توہین مقدسات کے واقعات ہورہے ہیں مغربی ممالک کی طرف سے آزادی اظہار کی آڑ میں گستاخانہ کلچر کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں اقلیتوں کے افراد اچھے روز کار٬ غیر ملکی ویزے اور نیشلٹی کے حصول کے لیے توہین رسالت کا دھندا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اپنے آپ کو مظلوم قرار دے کر اپنے معاشی مسائل بھی حل کرتے ہیں اور اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈا بھی کرتے ہیں۔

ملک میں توہین رسالت کے بڑھتے ہوئے رحجانات کو روکنے کے لیے ہمارامطالبہ ہے کہ ٹرائل کورٹس سے جن گستاخوں کو سزائیں سنا جا چکی ہیں ان پر فوری عملدرآمد کرایا جائے لمحہ فکریہ ہے کہ آج تک کسی گستاخ کو بھی 295C کے تحت موت کے پھندے پہ نہیں چڑھایا گیا جس کی وجہ سے گستاخیاں پھیل رہی ہیں۔ ہمارا ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ توہین رسالت اور توہین قرآن کے کیسز فورا نمٹائے جائیں کیونکہ تاخیر سے کیس دو سال بعد خودبخود غیر مؤثر ہو جاتے ہیں ۔

آسیہ ملعونہ کی رہا ئی کے لیے یورپی یونین کا متحرک ہونا پوری امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔توہین رسالت دہشت گردی کی بدترین شکل ہے آسیہ ملعونہ اس دہشت گردی کی مرتکب ہوئی ہے اور اس کا اقرار بھی کر چکی ہے اس کی حمایت امت مسلمہ کے سینے پر مونگ دلنے کے مترادف ہے۔اس کی رہائی سے اسلام دشمن قوتیں خوش ہونگی اور کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو حد درجہ ٹھیس پہنچے گی اور وہ بے قابو ہو جائیں گے ۔

یورپی یونین پوپ اور ویسٹ کی تنظیموں کو ہمارے مذہبی امور اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں ہرگز مداخلت کی اجازت نہیں ہے ۔اے پی سی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا پاکستان کے حکمران جو غیر ملکی آقاؤں کے ایجنڈے پر ملک کو ایک لبرل اور سیکولر سٹیٹ بنانے میں مصروف ہیں ہم پوری قوت سے ان کا رستہ روکیں گے سنی علماء مشائخ ہی نے پاکستان بنایا تھا اور آج سنی علماء و مشائخ ہی اس کی حفاظت کے لئے میدان میں اتر چکے ہیں۔

ہم اپنی زندگی میں پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریہ پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ کشمیر کبھی بھی مذاکرات سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا حکومت کنٹرول لائن پر ہونے والی روزانہ کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے روزانہ کے مظالم پر خاموشی ترک کر کے جہاد کا اعلان کرے ان شاء اللہ اہل سنت و جماعت پاک فوج کے شانہ بشانہ جہاد کریں گے۔

سینٹ اور قومی اسمبلی سے غیرت کے نام پر قتل کے بارے میں منظور کیا جانے والا بل قرآن و سنت ٬اجماعِ امت اور فقہ اسلامی کے خلاف ہے اسے فی الفور واپس لیا جائے اور اس کو اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالے کیا جائے۔ فریقین کو دئیے گئے مصالحت کے شرعی حق کو معاذ اللہ مسترد کرنے کے بجائے ان اسباب کو ختم کیا جائے جن کی وجہ سے غیرت کے نام پر قتل کی نوبت آتی ہے۔

اے پی سی کے شرکاء نے شام ٬عراق ٬یمن٬فلسطین٬ برما اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا وہ خون مسلم کی حفاظت کے لئے اپنا فیصلہ کن کردار ادا کریں۔ اکثر بلاد اسلامیہ میں جہاد کے نام پر فساد کا سلسلہ جاری ہے داعش جیسی تنظیمیں اسلام دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر امت مسلمہ کو حد درجے کا نقصان پہنچا رہی ہیں۔

اے پی سی کے شرکاء انبیاء کرام علیہم السلام٬ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور اولیاء کرم کے مزارات پر دھماکے کرنے والے اور ہزاروں مسلمانوں کو تہہ تیغ کرنے والے یہاں تک کہ مدینہ منورہ میں گنبد خضری کے پاس خود کش دھماکے کرنے والے داعش کے ان درندوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اور عصر حاضر کے خوارج اور روافض کو مسترد کرتے ہوئے اہل سنت ہی کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کا ترجمان قرار دیتے ہیں۔

ڈی چوک کے دھرنے کے بعدہم سے جدا ہونے والے قائدین اور علماء مشائخ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کو تمام اہل سنت کا متفق علیہ پلیٹ فارم بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ عنقریب ان شاء اللہ تعالیٰ تحریک لبیک یا رسول اللہ کی آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں سے اہم ارکان پر مشتمل مجلس شوریٰ قائم کی جائے گی۔اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کی شیدید مزمت کی گئی اور شہد اء کے لیے دعا مغفرت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :