Live Updates

بلوچستان میں غیرملکی ایجنسیاں کام کررہی ہیں۔عمران خان

نوازشریف کو بلوچستان پر زیادہ توجہ دینی چاہیے،وزیراعلیٰ بلوچستان بتائیں کہ امن کیلئے مختص 30ارب روپے کہاں خرچ ہوئے،عمران خان کی سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت اورمیڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 اکتوبر 2016 18:23

بلوچستان میں غیرملکی ایجنسیاں کام کررہی ہیں۔عمران خان

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25اکتوبر2016ء) :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ بلوچستان میں غیرملکی ایجنسیاں کام کررہی ہیں، نوازشریف کو بلوچستان پر زیادہ توجہ دینی چاہیے،وزیراعلیٰ بلوچستان بتائیں کہ امن کیلئے مختص 30ارب روپے کہاں خرچ ہوئے،عمران خان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو باہرکے ممالک کی بجائے بلوچستان کے زیادہ دورے کرنے چاہیے تھے۔

جتنے دورے انہوں نے لندن کے کیے اتنے بلوچستان کے دورے کرلیتے تو بلوچستان میں امن قائم ہوجاتا۔انہوں نے کہا کہ آج کوئٹہ اس لیے آیاہوں کہ پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان 11سال سے دہشتگردی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں امن کیلئے 30ارب روپے خرچ ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان بتائیں کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی۔بلوچستان میں ناقص سکیورٹی کیوں ہے؟بھارت کا جاسوس بھی بلوچستان سے ہی پکڑا گیا تھا۔

بلوچستان میں باربار دہشتگردی ہورہی ہے،بھارتی جاسوس کا معاملہ کیوں عالمی برادری کے سامنے اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم اور بھارتی خفیہ ایجنسی کا گٹھ جوڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ 2نومبرپاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے،ہمیں قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے۔کیا کرپٹ مافیا ملک کو اسی طرح لوٹتا رہے گا۔عمران خان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ نوازشریف پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بن گئے ہیں،بلوچستان میں بھارتی مداخلت موجود ہے تو وزیراعظم نام کیوں نہیں لیتے؟بھارت پاکستان میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے،بھارت فوجی سطح پر ایٹمی پاکستان کو ختم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے الطاف حسین سے لنکس ثابت ہوگئے۔

وزیراعظم نے کیوں یو این او کے فورم پر بات کی گئی؟جبکہ مودی پاکستان پر الزام لگانے کاکوئی موقعہ نہیں چھوڑتے،ابھی تو چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔اگر وہ نہ ہوتا تو مودی پاکستان کو دہشتگرداسٹیٹ ڈکلیئر کروا دیتا۔بھارت کی نئی ڈاکٹرائن ہے کہ پاکستان میں امن نہ قائم ہو،پاکستان مستحکم نہ ہوسکے اور پاکستان میں کرپشن کبھی ختم نہ ہو۔لگتا ہے کوئٹہ حملہ بھارت کے پاکستان مخالف نظریے کا حصہ ہے۔

اگر حملے کی پلاننگ افغانستان میں ہورہی ہے اس کا مطلب بھارت کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف نے سچ کہا کہ کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے دہشتگردوں کی مالی معاونت ہورہی ہے۔نوازشریف حکومت کا کام صرف پاناما لیکس میں کرپشن سے بچانا ہے۔پاناما لیکس میں نوازشریف پر الزامات نہیں بلکہ ثبوت ہیں۔عمران خان نے کہا کہ جو بھی سکیورٹی لیکس ہوئی ہیں ان لوگوں کے تاحال نام سامنے کیوں نہیں آئے۔

انہوں نے کہاکہ سکیورٹی لیکس کرنے والوں کے نام سامنے آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی احتجاج کرتے ہیں حالات خراب ہوجاتے ہیں۔لیکن اسلام آباد دھرنا کسی بھی صورت ملتوی نہیں کای جائے گا۔طاہرالقادری کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ان کے 14لوگ مارے گئے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات