ٹیوٹارواں سال 1000نئے اساتذہ بھرتی کرے گی٬عرفان قیصر شیخ

منگل 25 اکتوبر 2016 18:24

لاہور۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا )1000نئے اساتذہ ودیگر عملہ کو رواں سال کے دوران بھرتی کرے گی٬ نئی بھرتی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کھولے گئے نئے 40ٹیوٹا اداروںمیںنوجوانوں اور15 جیلوںمیںقیدیوں کو ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ٬ اختر عباس بھروانہ٬ عامر عزیز٬ اظہر اقبال شاد ٬ رائو راشد٬ مقصود احمد٬ عائشہ قاضی٬ عظمی نادیہ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ گذشتہ دوما ہ سے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ کی سکروٹنی اور بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیوٹا نے ریکروٹمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جس میں متعلقہ اضلاع کے بورڈ آف مینجمنٹ کے صدور اور ماہر مضامین کو شامل کیا گیا ہے جوصوبہ بھر میں ہونے والے بھرتی کے عمل کو صاف اور شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹس میں تدریسی و دیگر عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتی کی اجازت دی ہے ۔نئی بھرتی کے صاف اور شفاف طریقہ کار عمل سے مستحق٬ متحرک اور ذہین زنانہ و مردانہ افراد بھرتی ہونگے اور اس اقدام سے صوبہ بھر میںبے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔