چیئرمین بورڈ کے انٹر پارٹ II ضمنی امتحانی مراکز پرچھاپے٬واٹس ایپ پر نقل کرانے والے نگران سمیت 3افراد گرفتار٬نابیناافراد کا پرچہ حل کرنے والے 2جعلی رائٹر بھی پکڑے گئے

منگل 25 اکتوبر 2016 18:24

لاہور۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)انٹر میڈیٹ پارٹ II- ضمنی امتحان 2016ء کے سلسلہ میں گزشتہ روز انگریزی کا پرچہ بورڈ کی حدود میں قائم 65 امتحانی مراکز پر کڑی نگرانی میں منعقد ہوا٬ چیئرمین اور کنٹرولر امتحانات نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا ۔کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل نے قصور کے امتحانی مراکز کا دورہ کیااورگورنمنٹ حنفیہ اسلامیہ ہائی سکول کے امتحانی مرکز پر چھاپہ مارا جہاں پر اُنھوں نے نگران علی حسن کوسوالیہ پرچہ واٹس ایپ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا جبکہ محمد عامر واٹس ایپ کے ذریعے امیدوار محمد عدنان رولنمبر 228536 کو پیپر حل کروانے میں مدد کر نے پر پکڑ ا گیا ۔

تینوں ملزمان کو تھانہ بی ڈویژن ٬ قصور میں پرچہ درج کروا کر حوالہ پولیس کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات نے ایک اور امیدوار محمد مشتاق رولنمبر 228860 کو گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول قصور کے امتحانی مرکز میں نقل کرتے پکڑ لیااور اس کے خلاف ناجائز ذرائع کا کیس بنادیا ۔ اس موقع پر امتحانی عملے کو کنٹرولر امتحانات نے تنبیہ کی امتحانی نظام کو شفاف بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔

دریں اثناء چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل نے لارنس روڈ کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا جہاں پر دو نابینا امیدواران کے ساتھ بطور رائٹر پرچہ حل کرنے والے دو رائٹرپکڑے گئے٬واضح رہے کہ بورڈ کی طرف سے نابینا یا معذور امیدواران کو رائٹر دیا جاتا ہے جوکہ پچھلی کلاس کا طالب علم ہوتا ہے لیکن دونوں امیدواران کے رائٹر یونیورسٹیزکے طالب علم تھے ۔

امیدوار محمد عمیر علی رولنمبر 236971 کے ساتھ عبداللہ بٹ کو بطور رائٹر اجازت دی گئی جبکہ موقع پر فرہان علی جوکہ یوایم ٹی کا طالب علم تھاپرچہ حل کرتے پکڑاگیا٬ اسی طرح امیدوار محمد طلال رولنمبر 233215 کے ساتھ سویز ریاض کو بطور رائٹر اجازت دی گئی لیکن اس کی جگہ آفتاب احمد جو کہ شالیمار ڈگر ی کالج کا بی اے کا طالب علم ہے پرچہ دیتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا٬دونوں جعلی رائٹرز کے خلاف پرچہ درج کروا کر تھانہ سول لائنز پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

چیئرمین لاہور بورڈ نے تمام موبائل انسپکٹرز اور امتحانی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام امیدواران کی جامع تلاشی اور فوٹو فائل کے ساتھ اُن کا موازنہ کیا جائے ۔چیئرمین لاہور بورڈ نے کنٹرولر امتحانات کو تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی۔