پاکستان پوسٹ کا پے آرڈر کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے کارندازپاکستان سے معاہدہ

منگل 25 اکتوبر 2016 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پوسٹ اور کارنداز پاکستان نے پے آرڈر کے نظام کر ڈیجیٹائز کرنے کی غرض سے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت کارنداز پاکستان٬ پاکستان پوسٹ کی نئی پراڈکٹ "موبائل منی آرڈر"کے ڈیزائن اور تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔معاہدے پر پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل فاخر سید شہریارالدین اور کارنداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی سرفراز حسین نے دستخط کئے۔

اس موقع پر سیکریٹری کمیونیکیشن خالد مسعود چودھری اور یوکے ایڈ کے ڈاکٹر لوئس واکر بھی موجودتھے۔کارنداز پاکستان اپنے تکنیکی علم اور مالی مددکے ذریعے اس نئی سروس کی انتظامی اور تکنیکی ضروریات کی نشاندہی اور کامیاب کاروباری حکمتِ عملی طے کرنے میں پاکستا ن پوسٹ کو مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد پاکستان پوسٹ کی رسائی کی خدمات کو بہتر بنانا اور پاکستان پوسٹ کیلئے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل فاخر سید شہریارالدین نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان پوسٹ کی خدمات میں بہتری کے ساتھ پاکستان پوسٹ کی خدمات کے دائرہ کار کو 2020ء تک موجودہ 6.5فی ایک لاکھ افراد سے بڑھاکر30افرادتک کردیا جائے گا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مالیاتی خدمات کا ایک نیا پورٹ فولیو پاکستان پوسٹ کے صارفین کیلئے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے میں ملک میں مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں کارنداز کے کردار کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ"برانچ لیس بینکنگ ٬ موبائل لین دین اور ای کامرس میں نئے مواقعوں کے پیشِ نظراپنے اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان پوسٹ کا مقصد دیہی علاقوں کی مالیاتی شمولیت اور ڈاکخانوں کے وسیع نیٹ کے ذریعے موبائل منی آرڈر کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کارنداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی سرفراز حسین نے کہا کہ" کارنداز پاکستان دیہی اور پسماندگی علاقوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے ان کی وسیع تر مالیاتی شمولیت کیلئے مصروفِ عمل ہے۔ پاکستان پوسٹ کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بہتر٬ با حفاظت اور سہولت کے ساتھ موبائل منی آرڈرکی یہ خدمات پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کیلئے پرامید ہیں۔ تقریب سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کمیونیکشن خالد مسعود چودھری نے حکومت کی طرف سے ادائیگی کے بہائو کی ڈیجیٹائزنگ کی اہمیت پر زور دیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر ملک کی مالی شمولیت پرکام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :