وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ٬سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت

صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں‘محمد شہبازشریف امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے چوکس رہیں٬شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے

منگل 25 اکتوبر 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاںصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی اوراس حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اوردکھ کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کو غیر متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اورامن عامہ برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔

انہوںنے کہا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور اہم مقامات کی سکیورٹی کومزید سخت کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مساجد٬ امام بارگاہوں٬ دیگر عبادت گاہوں٬ تعلیمی اداروں اور پارکوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے اوردشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیئے جائیں۔اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

متعلقہ عنوان :