کوئٹہ حملہ٬آصف زرداری کی شدید مذمت٬واقعہ قابل نفرت٬ظالمانہ اور بیہمانہ قرار دیدیا

اس قسم کے حملے قوم کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے٬سابق صدر

منگل 25 اکتوبر 2016 18:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی قابلِ نفرت ٬ ظالمانہ اور بہیمانہ قرار دیا ۔ انھوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اس قسم کے حملے قوم کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس حملے کی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں بشمول ان کے حمایتیوں اور اور مالی مدد کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ اس واقعے جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے کے بعد نیشنل ایکشن پلان پراس کی روح کے مطابق عملدرآمد انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ مذہب کے نام پر ملک کے اندر یا ملک سے باہر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انھوں نے ان دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آصف علی زرداری نے شہداء کے اعلیٰ درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ ۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک

متعلقہ عنوان :