حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا٬صدر ممنون کا کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 25 اکتوبر 2016 18:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پورے ملک میں بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں جس سے ان کی بوکھلاہٹ واضح ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت دہشت گرد ی پر قابو پانے کے لیے پر عزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر نا ہیکیونکہ دہشت گرد مقامی لوگوں کی مدد سے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں اپنے اندر ایسی کالی بھیڑوں کو تلاش کرنا ہو گا جو اِن کے سہولت کار ہیں۔ صدر مملکت نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے اہل خانہ کو صبرو جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :