سب کمیٹی پی اے سی کے چیئرمین پر 3 کروڑ95 لاکھ کے فنڈز میں ہیر پھیر کا الزام

منگل 25 اکتوبر 2016 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) دوسروں کا احتساب کرنیوالے رکن پارلیمنٹ اور سب کمیٹی پی اے سی کے چیئر مین ایم این اے سردار عاشق گوپانگ بھی 39-43ملین روپے 3کروڑ95لاکھ کے فنڈز میں ہیر پھیر کے الزام میں پکڑے گئے ۔ آڈٹ حکام نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سردار عاشق گوپانگ نی2012ء میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بستی تھہیم سے بستی بوسن تحصیل علی پور کے مابین سیلاب کو روکنے کے بند کے لئے 40ملین روپے کی خصوسی گرانٹ منظور کرائی تھی۔

یہ گرانٹ ایم این اے عاشق گوپانگ کے نام پر جاری ہوئی تھی۔ اس سکیم کی منظوری چیف انجینئر سنٹرل زون وزارت ورکس نے دی تھی۔ آڈٹ حکام نے اعتزاض اٹھایا ہے کہ منصوبہ شروع ہونے سے قبل متعلقہ حکام سے نہر کا ڈیزائن بھی نہیں بنوایا گیا تھا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ بند کی لمبائی اور چوڑائی کیا ہوگی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بند کی تعمیر کے دوران بھاری مالی بے ضابطگیوں کے علاوہ منصوبہ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بند کی تعمیر میں ٹھیکیداروں کو جو ریٹس دیئے گئے تھے وہ ایئر پورٹ کے رن وے کے مساوی دیئے گئے جن کا مقصد ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانا تھا حالانکہ ٹھیکیداروں کو ریٹ اس وقت مظفر گڑھ کے مختص ریٹس کے مساوی ادائیگی کرنا تھی۔ لیکن متعلقہ ٹھیکیدار کو ایک کروڑ38لاکھ روپے کی اضافی ادائیگی کر دی گئی ہے اور اس طرح قومی خزانہ کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔۔( علی)