دھماکوں کے ذمہ دارسکیورٹی اداروں کی ٹانگیں کھینچنے والے حکمران ہیں۔ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے زخم نہیں بھرے تھے کہ سانحہ ٹریننگ کالج ہو گیا،شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔سربراہ عوامی تحریک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 اکتوبر 2016 17:43

دھماکوں کے ذمہ دارسکیورٹی اداروں کی ٹانگیں کھینچنے والے حکمران ہیں۔ڈاکٹر ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25اکتوبر2016ء) :پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گردی کے بدترین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور زیر تربیت اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خودکش دھماکوں کے ذمہ دار سکیورٹی اداروں کی ٹانگیں کھینچنے والے ناہل حکمران ہیں۔دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک بلوچستان کے سینئر رہنماؤ ں احمد نواز انجم، صدر بختیار بلوچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت سلامتی کے اداروں کی ٹانگیں کھینچے ، ان کے خلاف سازشیں کر کے انہیں کمزور کرے، سرل لیکس جیسی سازشیں کرے۔ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کے منصوبے بنائے۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو حسد کی نظر سے دیکھے ۔

اس حکومت کے ہوتے ہوئے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے کوئٹہ کو ٹارگٹ کر لیا ہے۔ سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے زخم ابھی بھرے نہیں تھے کہ ٹریننگ کالج کا دل سوز سانحہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پے در پے واقعات سے لگتا ہے بلوچستان میں حکومت اور ایڈمنسٹریشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور دہشت گرد گروپ کھلے عام دندناتے پھررہے ہیں۔

حساس مقام پر خودکش حملے ناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور وفاقی حکومت صوبہ کے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سکیورٹی لیپس کے علاوہ بھی کوئٹہ دہشتگردی کے محرکات ہو سکتے ہیں۔ جب بھی موجودہ حکمرانوں کی کرپشن اور قتل و غارت گری پر عوامی احتجاج سر اٹھاتا ہے ملک میں خودکش دھماکے شروع ہو جاتے ہیں۔

کبھی سانحہ اے پی ایس ہوتا ہے ،کبھی کشمیر میں بربریت شروع ہو جاتی ہے ۔کبھی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور سرجیکل سٹرائیکس کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں۔کبھی سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سب محض اتفاق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور دہشت گردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ملکی سلامتی کے ادارے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو تادیر قائم رکھنا چاہتے ہیں تو کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو آہنی ہاتھوں سے توڑدیں۔