Live Updates

تحریک انصاف کا اسلام آباد کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کے منصوبہ سے طالب علموں کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا٬ بچوں کے والدین کاخدشہ

منگل 25 اکتوبر 2016 17:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) بچوں کے والدین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کے منصوبہ سے طالب علموں کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا جو کہ وسط مدتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں٬ ماضی کی طرح پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد بند کرنے کے منصوبہ سے جمہوریت ڈی ریل کرنے٬ معاشی عدم استحکام اور عام آدمی کے روزمرہ معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کے علاوہ کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پرائیویٹ سکول نیٹ ورک افضل بابر نے کہا کہ طالب علموں کیلئے ان کے امتحانات اور داخلوں کیلئے نومبر اور اکتوبر اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 750 سکول مڈٹرم امتحانات کیلئے تیاری کر رہے ہیں جو اکتوبر کے آخر میں شروع ہو کر وسط نومبر میں ختم ہوں گے٬ اسی طرح فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے نویں اور دسویں جماعت کے داخلے بھیجنے کیلئے آخری تاریخ 10 نومبر ہے٬ تمام سکولز بورڈ امتحانات کیلئے داخلہ بھیجنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نومبر میں پرائیویٹ سکولوں کی کلاس پنجم٬ ہشتم٬ نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات کیلئے داخلے بھیجے جاتے ہیں۔ سکول بند کرنے کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر غیر یقینی صورتحال ہو گی تو طالب علم سکول نہیں پہنچ سکیں گے٬ سکول انتظامیہ حالات معمول پر آنے تک سکول بند کرنے کا اعلان کرے گی۔ ایک طالب علم کی والدہ ثمینہ شاہد نے کہا کہ تعلیمی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران جو طالب علم سخت محنت کر رہے ہیں امتحانات کے شیڈول تبدیل ہونے سے وہ متاثر ہوں گے۔

ا نہوں نے کہا کہ مختلف سڑکوں کے بند ہونے سے طالب علم بالخصوص لڑکیاں زیادہ متاثر ہوںگی جو روزانہ دور دراز علاقوں سے سکولوں میں آتی ہیں۔ پروفیسر امتیاز نے کہا کہ جب طالب علموں کو اچانک معلوم ہو گا کہ امتحانات ملتوی یا منسوخ ہو گئے تو شیڈول میں ردوبدل سے پڑھائی سے ان کی توجہ ہٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے درمیان جو بھی اختلافات ہوں اس سے طالب علموں کی پڑھائی کے معمولات متاثر نہیں ہونے چاہئیں٬ وہ پرامن احتجاج کریں٬ کسی قسم کے جارحانہ پن سے گریز کریں تاکہ طالب علموں کا مستقبل متاثر نہ ہو۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی ڈائریکٹر جنرل شہناز اے ریاض نے رابطہ کرنے پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے تناظر میں چھٹیوں کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے حکام کا اجلاس جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سینئر افسران کی مشاورت سے چھٹیوں کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :