اہم منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے صرف خط و کتابت پر اکتفا نہ کیا جائے٬ عاطف خان

منگل 25 اکتوبر 2016 17:39

پشاور۔25اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے محکمہ کے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ صرف خط و کتابت پر اکتفا نہ کریں بلکہ ہر کیس کی مکمل پیروی کریں تاکہ اہم منصوبے غیر ضروری تاخیر کے شکار نہ ہوںاور بروقت مکمل ہوں۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کو پشاور میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ڈاکٹر شہزاد ابنگش٬ سپیشل سیکرٹری قیصر عالم٬ ایڈیشنل سیکرٹری شاہد سہیل اور ڈائریکٹر سکولز رفیق خٹک بھی موجود تھے۔اجلاس میں فرنیچر پراجیکٹ٬500آئی ٹی لیب کے قیام٬ تعلیمی بورڈز کے زیر انتظام کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی٬ کنڈیشنل گرانٹ٬ پلے ایریاز٬ گرلز کیڈٹ کالج ٬سمارٹ سکولز٬سٹینڈرڈائزڈ سکولز ٬برٹش کونسل کے تعاون سے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام اور سرکاری سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کے علاوہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی اور سکول بیسڈ ریکروٹمنٹ ڈرافٹ بلز پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیا ل ہوا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔