’’ختم نبوت‘‘ کے مضمون کوباقاعدہ طور پر نصاب میں شامل کرنے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس

منگل 25 اکتوبر 2016 17:39

پشاور۔25اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت’’ختم نبوت‘‘ کے مضمون کوباقاعدہ طور پر نصاب میںشامل کرنے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منگل کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میںشیخ انوارالحق کی قیادت میں جیدعلماء کرام پر مشتمل وفد کے علاوہ سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم شہزاد بنگش ٬ایڈیشنل سیکرٹری قیصرعالم ٬ڈائریکٹر ایجوکیشن رفیق خٹک اور خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ختم نبوت کوباقاعدہ طور پر نصاب کا حصہ بنانے سے متعلق تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔اس موقع پر علماء کرام نے قرآن و حدیث کے مطابق ختم نبوت پر بھرپورروشنی ڈالی اور سکولوں میں زیر تعلیم بچوں اور آنے والی نسلوں کو حضرت محمدﷺ کی زندگی اور ان کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے ختم نبوت کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ ختم نبوت کو باقاعدہ طور پر نصاب کا حصہ بنانے سے متعلق پہلے ہی تمام مکاتب فکر اور علماء کے ساتھ بھرپور مشاورت کررہا ہے اور ان کی سفارشات کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایاگیا کہ سکولوں میں جماعت اول سے پنجم تک ناظرہ قرآن پاک لازمی قراردینے اور چھٹی جماعت سے لیکرسیکنڈری کلاسز تک باترجمہ قرآن پاک پڑھانے کی غرض سے سمری تیار کی گئی ہے جو منظوری کیلئے بہت جلد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھجوائی جائے گی۔ سپیکر اسد قیصر نے محکمہ تعلیم اورٹیکسٹ بک بورڈ کے حکام کوہدایت کی کہ علماء کرام کی تجاویز کی روشنی میں ختم نبوت کو باقاعدہ طور پر نصاب میں شامل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے اور اس ضمن میں جلد رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت بھی کی۔سپیکر نے علماء کرام کو نصاب میں اس ا ہم اور ضروری تبدیلی کے لئے حکومت کی رہنمائی کرنے اور سفارشات پیش کرنے کا خیرمقدم کیا۔