ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کالے ہرن کی6 اورچنکارہ کی8ٹرافی ہنٹنگ کروائی جا چکی ہیں ٬ خالد عیاض خان

منگل 25 اکتوبر 2016 17:37

لاہور۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016 کے تحت٬لال سہانرابہاولپور چو لستان میں شکاری اب تک 6کالے ہرن اور8 چنکارہ کی ٹرافی ہنٹنگ کر چکے ہیں ٬قانونی شکاریوں کو شکار کے مواقع فراہم کرنے کا بنیادی مقصدان میں جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگاہی پیداکرنے کے ساتھ ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سپورٹس ہنٹنگ کو فروغ دینا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خان نے یہ بات میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شکاری جن کے پاس شکار کیلئے 4x4جیپیں نہیں ہیں ان کی سہولت کیلئے شکار گاہ پر رینٹ اے جیپ کا انتظام بھی کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 11 شکاری حضرات 6کالاہرن اور8 چنکارہ ہرن کی ٹرافی ہنٹنگ سے لطف اندوز ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک کروائی جانیوالی کالاہرن کی ٹرافی ہنٹنگ میں صہیب جاوید نے 26انچ ٬ علی احسن نے 29انچ ٬عثمان احسن نے 27 اور28انچ کی 2ٹرافیاں ٬ عباس مختار نے 26.5 انچ کی ایک اور امین رحمان نے 32 انچ کی ایک ٹرافی ہنٹ کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت اب تک کالا ہرن کی ہنٹ کی جانیوالی ٹرافیوں میں امین رحمان کو نمایاں پوزیشن حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ میںملتان کے فخرعباس بوسن نے 13 انچ ٬میجر(ر) حبیب خانزادہ نے 12.6 انچ کی دو ٹرافیاں٬ جہانزیب اشتیاق خانزادہ نے 12.2 انچ ٬ جبکہ نبیل رئوف خان شیروانی نے 11.5 انچ کی ایک ٬ رحمان نسیم نے 10 انچ اور 12 انچ کی دو ٹرافیاں جبکہ عمران سعید نے 13.2 انچ کی ٹرافی ہنٹ کی ہے۔ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016 ء کے تحت اب تک چنکارہ کی ہنٹ کی جانیوالی ٹرافیوں میں عمران سعید کو نمایاں پوزیشن حاصل ہے۔