ریٹرننگ آفیسر نے پانچ خواتین کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

منگل 25 اکتوبر 2016 17:23

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) ریٹرننگ آفیسر میونسپل کمیٹی چکوال نے پانچ خواتین کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ منتخب ہونے والی چار خواتین غلام فاطمہ٬ غلام نثاء٬ عالیہ یاسمین اور صفیہ اقبال کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے جبکہ جویرہ رؤف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئی ہیں۔

یوتھ کی نشست پر ریٹرننگ افسر نے انیق افتخار کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جبکہ دو اقلیتی نشستوں پر مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے آصف مسیح اور سلامت مسیح گل کے علاوہ ناصر گل پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا۔ یہاں پرپولنگ دس نومبرکوہوگی۔ جبکہ دو ورکرز نشستوں پر مسلم لیگ( ن) کے خواجہ خاور حنیف اور سلطان سکندر اعوان کو انتخابی نشان شیر الاٹ کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد رفیع کا انتخابی بلا الاٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میونسپل کمیٹی چکوال کے 37کونسلرز دس نومبر کو اقلیتی نشستوں اور ورکرز نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کو 37رکنی ایوان میں تیس ممبران کی حمایت حاصل ہے اور یہاں پر بلدیاتی ماہرین اس مقابلے کو شیر بلی کا مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے میدان کھلا نہ چھوڑتے ہوئے مشکل ترین حالات میں اپنے دو امیدوار میدان میں اتار کر اقلیتی اور ورکرز کے چار مسلم لیگی امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا رستہ روکا ہے۔