اٹک اسفندیار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں لیپروسکوپک آپریشن کا آغاز

منگل 25 اکتوبر 2016 17:23

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) اسفندیار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں لیپروسکوپک آپریشن کا آغاز کر دیا گیا٬ دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشین ٹیکنیشن نہ ہونے کی وجہ سے بے کار پڑی تھی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ہولی فیملی ہسپتال سے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر فیصل مراداپنی پوری ٹیم کے ہمراہ پہنچ گئے اور 3بجے سے قبل7کامیاب آپریشن کر دیی․ لیپروسکوپک ٹیکنیک کے ذریعے صرف 2یا 3سوراخ کر کے پیٹ کے تمام حصوں کا آپریشن کیا جاتا ہی․ تفصیلات کے مطابق ایم ایس ڈاکٹر سلطان محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹک میں لیپرو سکوپک ٹیکنیشن کی کمی اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دو سرجنوں کی مستقل غیر حاضری کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جس پر میں نے ہولی فیملی ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مراد سے خصوصی رابطہ کیا اور ان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے اٹک کے مریضوں کے لیے وقت نکالا اور اپنی پوری ٹیم کے ساتھ اٹک آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر فیصل مراد کی مسیحائی طبیعت کا اس امر سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے خود ہی یہ پیشکش کی ہے کہ میں آپ کے ڈاکٹروں اور ٹیکنیشنز کی مکمل ٹریننگ تک خود اٹک آ کر آپریشن کرتا رہوں گا۔ ڈاکٹر سلطان محمود کا کہنا تھا کہ اس تکنیک سے پیٹ کے تمام آپریشن جن میں ہرنیا٬ اپنڈکس٬ رسولی٬ پتہ٬ گائنی وغیرہ شامل ہیں کہ مریضوں کو جنہیں اس سے قبل ریکوری کے لیے ہفتہ دس دن ہسپتال میں داخل رکھا جاتا تھا مختصر وقت جو ایک دن سے بھی کم ہے آدھا سنٹی میٹر کے محض تین سوراخوں سے آپریشن کر کے فارغ کر دیا جاتا ہے۔

ہمارے ہسپتال میں 450میجر آپریشن اس ٹیکنیک سے پہلے ماہانہ کیے جاتے تھے اس جدید ترین ٹیکنالوجی سے اب مریضوں کو چھ چھ ماہ انتظار کے بجائے جلد ہی نمبر مل جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل مراد نے ہفتہ میں ایک دن اٹک آ کر آپریشن اور سٹاف کی ٹریننگ کا رابطہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹک میں ڈاکٹر یاسر بخاری کی بطور لیپروسکوپک سرجن تعیناتی کی جارہی ہے جو انگلینڈ میں کام کر رہے ہیں ان کے ہسپتال آنے کے بعد پرائیویٹ سطح پر تقریباً ایک لاکھ روپے میں کیے جانے والے آپریشن انتہائی کم قیمت میں کیے جا سکیں گے۔