بلوچستان کے 8 افسروں سمیت 28 اے ایس پیز کے 42 ویں بیج نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اپنی تربیت مکمل کرلی

منگل 25 اکتوبر 2016 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) بلوچستان کے 8 افسروں سمیت 28 اے ایس پیز کے 42 ویں بیج نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اپنی تربیت مکمل کرلی منگل کو نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے 42 ویں اسپیشلائزڈ پروگرام کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ این پی اے نسیم الزمان نے بتایا کہ پاس آئوٹ ہونے والا بیج 28 افسران پر مشتمل تھا جن میں دو خواتین افسران بھی شامل تھیں ٬ْیہ وہ موقع ہوتا ہے کہ جس میں 18 ماہ پر محیط تربیتی نصاب جس میں پولیس نظام کی مختلف جہتوں‘ کریمنل جسٹس ایڈمنسٹریشن‘ لاء انفورسمنٹ‘ کمیونٹی پولیسنگ‘ کرائم مینجمنٹ اور پولیسنگ بانی اوبجیکٹو کے ساتھ ساتھ جسمانی تربیت اور حقیقی پولیسنگ سے افسران کو روشناس کرایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل پولیس اکیڈمی کی یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے نصاب میں تازہ ترین تحقیق کو شامل کرے تاکہ افسران پولیس کے جدید ترین رجحانات سے آگاہ ہو سکیں۔ افسران کو بلیک ڈیلنگ‘ پولیس میڈیا تعلقات اور ہدف بن جانے والے گروپوں کے تحفظ اور ان کے سیکورٹی سے متعلق بھی احساس اجاگر کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے تربیتی کورس میں اینٹی ٹیررزم کی تربیت بھی شامل تھی۔

کمانڈنٹ نے بتایا کہ این پی اے کا مشن صرف یہ نہیں ہے کہ وہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کی ممکنہ حد تک بہترین تربیت دے بلکہ اس کی کوشش ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں خواہ ان کا تعلق پولیس سے ہو یا نہ ہو وہ انہیں بہترین تربیت فراہم کرے‘ یہ سب کچھ اس پیچیدہ اور چیلنج کر دینے والے تمام جرائم اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں کیا جاتا ہے‘ ہم نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں بشمول فرنٹیئر کانسٹیبلری‘ ایف آئی اے‘ انٹیلی جنس بیورو‘ پنجاب اور سندھ رینجرز وغیرہ کے لئے کورسز تیار کر رکھے ہیں۔

انہوں نے جرمن ایجنسی جی آئی زیڈ‘ امریکی حکومت کے انٹرنیشنل کریمنل انوسٹی گیشن اینڈ ٹریننگ اسسٹنٹس پروگرام (آئی سی آئی ٹی اے پی)‘ برٹش ہائی کمیشن اور این جی او روزن کا ان کورسز کو حتمی شکل دینے میں مدد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ایجنسیوں نے فراخ دلی سے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے سچے دوست ہیں۔

کمانڈنٹ نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ آج پاس آئوٹ ہونے والے افسران کا انتخاب فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے انتہائی میرٹ کی بنیاد پر کیا اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس کام کے لئے یہ بہترین افراد ہیں۔ انہوں نے انتہائی اعتماد سے کہا کہ یہ قوم کے لئے باعث فخر ہوں گے اور اس کی فلاح و بہبود میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس افسران‘ دیگر حکومتی اداروں کے نمائندوں‘ غیر ملکی سفارت کاروں اور پاس آئوٹ ہونے والے افسران کے رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :