اسلام آباد دھرنے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کی شرکت کیلئے چودھری پرویزالٰہی اور شیخ رشید کی ملاقات

بارسلونا کے منافع بخش روٹ کیلئے پی آئی اے کی پروازیں جلد بحال کی جائیں‘ سابق نائب وزیراعظم کا پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 17:17

ْاسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی اور 2نومبر کے دھرنے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شریک کرنے کیلئے رابطوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دھرنے کا مقصد ملک کو موجودہ بادشاہت اور کرپٹ نظام سے نجات دلانا ہے اس لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کی دھرنے میں شرکت ضروری ہے٬ اس وقت پوری قوم ایک خاندان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہے اور ان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے قبل ازیں قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور سوال کیا کہ پی آئی اے نے بارسلونا سپین کیلئے اپنی پروازیں کیوں بند کر رکھی ہیں۔

انہوں نے ان پروازوں کی فوری بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کا سفر کرنے والے ہزاروں پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور پی آئی اے کو کبھی اس روٹ سے خسارہ بھی نہیں ہوا جس پر ایئرلائنز حکام نے کہا کہ دسمبر میں بارسلونا کیلئے ہفتہ وار 2پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔