موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری سے متعلق دوستانہ پالیسیوںنے پاکستان کو بیرونی اور مقامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش جگہ بنا دیا ہے

وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمن کی ویمپل کام کے سربراہ ایمرجنگ مارکیٹس جان ایڈی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری کے متعلق دوستانہ پالیسیوں اور آئی ٹی ٬ ٹیلی کام سیکٹر میں ہونے والی فقیدالمثال ترقی نے پاکستان کو بیرونی اور مقامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش جگہ بنا دیا ہے ۔وہ منگل کو ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والی ایک بین الاقوامی فرم ویمپل کام کے سربراہ ایمرجنگ مارکیٹس جان ایڈی سے گفتگو کر رہی تھیں۔

ممبر ٹیلی کام مدثر حسین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہماری حکومت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سیکٹر کو بہت ترجیح دیتی ہے اسی لیے ہم نے ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم اس سیکٹر میں ترقی کیلئے پبلک / پرائیویٹ پارٹنر شپ کو از حد ضروری سمجھتے ہیں اور ہم اپنے وژن " ڈیجٹل پاکستان " کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں اورموبی لنک سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔

ہم ڈیجٹل پاکستان کے تحت دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو ٹیلی فون اور براڈبینڈ کی ترسیل کے ذریعے مربوط کر رہے ہیں ۔اور ای سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں۔ انوشہ رحمن نے واضح کیا کہ ہم ڈیجٹل تفریق پر یقین نہیں رکھتے اسی لیے ہماری اولین ترجیح دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں تک ٹیکنالوجی کی بلا تفریق فراہمی ہے ۔

تاکہ پورا ملک ان سہولیات سے یکساں طور پر مستفید ہو سکے۔ جان ایڈی نے موجودہ حکومت کی ٹیلی کام پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پالیسی انتہائی جامع ہے جس نے پاکستان میں کام کرنیوالی اہم ٹیلی کام کمیپنیوں کے مابین صحت مندانہ مسابقت کو فروغ دیا ہے۔ یقینا پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے روشن امکانات موجود ہیں اسی لیے ویمپل کام ( موبی لنک) پاکستان میں اپنی عملداری کو بہت حد تک بڑھا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد میں یکسانیت ہے اور موبی لنک حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر سیکٹر کی بہبود کیلئے کام کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور ہم پاکستان کو مرکز بنا کر یہاں سے دیگر مارکیٹس تک اپنے آپریشنز کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے جدید آئی سی ٹی سلوشنز کے ذریعے پاکستانی عوام کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ (رڈ)

متعلقہ عنوان :