بلوچستان حکومت کا پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے میں 61اہلکاروں کی شہادت پر 3روزہ سوگ کا اعلان

تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا٬ خیبر پختونخوا اورپنجاب حکومت کا ایک٬ ایک روزہ سوگ کا اعلان

منگل 25 اکتوبر 2016 17:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) بلوچستان حکومت نے پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے میں 61اہلکاروں کی شہادت پر 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ رات کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے نتیجے میں 61اہلکاروں کی شہادت اور120کے قریب زیرتربیت اہلکاروں کی زخمی ہونے پر وزیراعلی بلوچستان ثنااللہ زہری نے 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ اس موقع پر صوبے میں تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت اورپنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔جبکہ پاکستان بار کونسل نے آج عدالتی کارروائی سے مکمل طور پر بائیکاٹ کااعلان کیا اور وکلاء کوتاکید کی کہ وہ عدالتی کارروائی میں شریک نہ ہو۔واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر 3دہشت گردوں نے حملے کرکے تربیت سینٹر سے ملحقہ ہاسٹل میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں 61اہلکار شہید اور120زخمی جب کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3دہشت گرد بھی ہلاک کردیئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :