آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں‘مسلم لیگ(ن) عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ٬آزادکشمیرمیں مضبوط انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھیں گے‘گڈ گورننس اور شفافیت کے لیے آزادحکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کی آزادکشمیر کے سینئر وزیر طارق فاروق اور رکن اسمبلی مسعود خالد سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 17:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل برئوے کار لا رہی ہے انہوں نے یہ بات آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور ایم ایل اے چوہدری مسعود خالد سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی صورت حال اور ایل او سی پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیںاور اُن کی یہ خواہش ہے کہ انفرسٹرکچر ٬صحت اور سیاحت کے حوالے سے آزادکشمیرمیں مثالی کام کیا جائے جس سے آزادکشمیر کے عوام بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور آزادکشمیر میں مضبوط انفرسٹرکچرکی بنیاد رکھی جائے گی۔ملاقات میں ایل او سی پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور سول آبادی کونشانہ بنانے کی پرُ زور مذمت کی گئی اور بھارتی جارحیت کا بہادری اورجوانمردی سے مقابلہ کرنے کا عہد کیا گیا ۔اس موقع پر چوہدری طارق فاروق نے ایل او سی پر ہونے والے نقصانات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ آزاد حکومت ایل او سی پر رہنے والے عوام کی حفاظت کے لیے ایک مربوط پلان بنا رہی ہے اور اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی پر رہنے والے غیور اور بہادر کشمیری پاکستان کی پہلی ڈیفنس لائن کاکام کر رہے ہیں اور اس ضمن میں وفاقی حکومت اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھائے گی۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے آزادحکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں گڈ گورننس اور شفافیت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر آزادحکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوام کی جانب سے بھرپور اعتماد اس امر کا متقاضی ہے کہ آزادکشمیر کی عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کر دیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :