لاہور چیمبر کی جانب سے کوئٹہ سانحہ کی سختی سے مذمت٬ قومی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور

منگل 25 اکتوبر 2016 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط٬ سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کوئٹہ دہشت گردی کے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دشمنوں کو شکست دینے کے لیے ساری قوم کو ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری کوئٹہ سانحہ میں معصوم لوگوں کی شہادت پر غمزدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیطان صفت دہشت گردوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم کسی بھی صورت اٴْن کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب کوئی سرحد نہیں ہوتی اور وہ انسانیت کے خلاف جرائم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سانحہ کوئٹہ پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ دہشت گرد ساری دنیا کا امن تباہ کررہے ہیںلہذا تمام ممالک کے سربراہان کو مل بیٹھ کر دہشت گردی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار کرنی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ دہشت گردوں٬ اٴْن کے سپورٹرز اور سہولت کاروں کو عبرتناک سزا دینا ضروری ہے جو معصوم لوگوں کو قتل کرکے جنوبی ایشیاء کا امن تباہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ضربِ عضب آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے لیکن دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بلاامتیاز آپریشن مزید تیز اور سخت کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :