کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016 کامیابی سے جاری

․اب تک کالے ہرن کی6جبکہ چنکارہ کی8ٹرافی ہنٹنگ کروائی جا چکی ہے ٬کالا ہرن ٹرافی ہنٹنگ میںملتان کے امین رحمان اور چنکارہ کی ٹرافی ہنٹنگ میںعمران سعید کو سبقت حاصل ہے ٬شکاریوںکی سہولت کیلئے شکار گاہ پر رینٹ اے 4x4 جیپ کا انتظام بھی کر دیاگیا ہے ‘خالد عیاض خان

منگل 25 اکتوبر 2016 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ لال سہانرابہاولپور چو لستان میں کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016ء کامیابی سے جاری ہے اور شکاری حضرات اب تک 6کالے ہرن اور8 چنکارہ کی ٹرافی ہنٹنگ کر چکے ہیں ٬قانونی شکاریوں کو شکار کے مواقع فراہم کرنے کا بنیادی مقصدان میں جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگہی پیداکرنے کے ساتھ ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سپورٹس ہنٹنگ کو فروغ دینا ہے ۔

انہوں نے یہ بات ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شکاری جن کے پاس شکار کیلئے 4x4جیپیں نہیں ہیں ان کی سہولت کیلئے شکار گاہ پر رینٹ اے جیپ کا انتظام بھی کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک 11 شکاری حضرات 6کالاہرن اور8 چنکارہ ہرن کی ٹرافی ہنٹنگ سے لطف اندوز ہوچکے ہیں ۔خالد عیاض خان نے مزید بتایا کہ اب تک کروائی جانیوالی کالاہرن کی ٹرافی ہنٹنگ میں صہیب جاوید نے 26انچ ٬ علی احسن نے 29انچ ٬عثمان احسن نے 27 اور28انچ کی 2ٹرافیاں ٬ عباس مختار نے 26.5 انچ کی ایک اور امین رحمان نے 32 انچ کی ایک ٹرافی ہنٹ کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016ء کے تحت اب تک کالا ہرن کی ہنٹ کی جانیوالی ٹرافیوں میں امین رحمان کو نمایاں پوزیشن حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ میںملتان کے فخرعباس بوسن نے 13 انچ ٬میجر(ر) حبیب خانزادہ نے 12.6 انچ کی دو ٹرافیاں٬ جہانزیب اشتیاق خانزادہ نے 12.2 انچ ٬ جبکہ نبیل رئوف خان شیروانی نے 11.5 انچ کی ایک ٬ رحمان نسیم نے 10 انچ اور 12 انچ کی دو ٹرافیاں جبکہ عمران سعید نے 13.2 انچ کی ٹرافی ہنٹ کی ہے۔ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016 ء کے تحت اب تک چنکارہ کی ہنٹ کی جانیوالی ٹرافیوں میں عمران سعید کو نمایاں پوزیشن حاصل ہے۔