اورنج ٹرین منصوبے کے معاہدوں کی شفافیت کے بارے میں درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس ٬ جواب طلب

منگل 25 اکتوبر 2016 16:53

لاہور ( این این آئی لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے معاہدوں کی شفافیت کے بارے میں دائر درخواست پر پنجاب حکومت کو 9نومبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہورہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سول سوسائٹی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزاراظہر صدیق ایڈووکیٹ نے میٹرو ٹرین منصوبے کے معاہدوں کی شفافیت پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اورنج لائن ٹرین کے معاہدوں کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا جارہا ہے٬ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے معاہدے اور ٹینڈر میں شفافیت برقرار نہیں رکھی گئی ۔

منصوبے کا کل تخمینہ ایک سو ساٹھ ارب سے زائد کا ہے جبکہ عوام کو غلط اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں اسی طرح ایکوزیشن کے لیے مقرر تخمینہ اصل رقم سے کہیں زیادہ ہے٬وکیل نے یہ بھی بتایا کہ منصوبے کو وقت سے پہلے شروع کرکے معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی اور منصوبے کے لیے حاصل کردہ قرض کی تفصیلات میں بھی تضاد ہے۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب حکومت سے ان معاہدوں کی تفصیلات طلب کی جائیں ۔جس پر عدالت نے پنجاب حکومت کو 9نومبرکے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :