کوئٹہ پولیس ٹریننگ کیڈٹ کالج پر حملے کے خلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ترجیہی بنیادوں پر فوری ہنگامی اقدامات کریں ‘ متن

منگل 25 اکتوبر 2016 16:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ کیڈٹ کالج میں حملے کے نتیجے میں 60سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع اور 119افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ۔

(جاری ہے)

محمود الرشید کی طرف سے جمع کروائی گئی مذمتی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کوئٹہ پولیس ٹریننگ کیڈٹ سکول میں خود کش حملہ آوروں کی فائرنگ اور دھماکے سے 60سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع اور 119افراد کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ پاک شہداء کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے ۔

یہ ایوان دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی مکمل غیر مشروط اور غیر متزلزل حمایت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ترجیہی بنیادوں پر فوری ہنگامی اقدامات کریں ۔ نیز پبلک مقامات پر سکیورٹی کے مکمل اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحہ سے بچا جا سکے ۔