سراج الحق کا کرپشن کیخلاف30اکتوبر کو لاہور میں ’’کرپشن فری مارچ‘‘ کے انعقاد کا اعلان

منگل 25 اکتوبر 2016 16:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کرپشن کے خلاف30اکتوبر کو لاہور میں ’’کرپشن فری مارچ‘‘ کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے وکلاء کمیونٹی سے مارچ میں بھرپور شرکت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے یہ اعلان لاہور ہائیکورٹ بار کی دعوت پر بار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی سیاست میں مغل بادشاہوں اور سیاسی پنڈتوں کا قبضہ ہے۔

ان کی موجودگی میں غریب عوام کو ریلیف ملنا ناممکن ہے۔ جو لوگ حق سے محروم ہوتے ہیں وہ لوگ اپنے حق کے لئے مرنے مرانے پر تیار ہوجاتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ 2نومبر کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے۔ پی ٹی آئی کو اس فیصلے سے قبل دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا لیکن پی ٹی آئی نے ایسا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ پر نو تو کوئی کمیشن بنا اور نہ ہی پاکستان میں قانون کی حکمرانی نظر آئی۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے خود کو پانامہ لیکس کے حوالے سے احتساب کے لئے پیش کرنے کا تین بار کہا لیکن ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل1947ء سے شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طریقے سے شریف فیملی کی باری قیامت تک نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شریف فیملی خود احتساب کے لئے پیش کرے تو معاملات کسی حد تک درست ہوسکتے ہیں۔(اے ملک)

متعلقہ عنوان :