صدر مملکت کاکوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر اظہار افسوس

حملے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا٬ممنون حسین دہشت گرد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ٬بوکھلاہٹ واضح ہے٬آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ملک میں بلاتفریق آپریشن جاری رہیگا٬ صدر مملکت

منگل 25 اکتوبر 2016 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پورے ملک میں بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں جس سے ان کی بوکھلاہٹ واضح ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت دہشت گرد ی پر قابو پانے کے لیے پر عزم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر نا ہے کیونکہ دہشت گرد مقامی لوگوں کی مدد سے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں اپنے اندر ایسی کالی بھیڑوں کو تلاش کرنا ہو گا جو اِن کے سہولت کار ہیں۔ صدر مملکت نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے اہل خانہ کو صبرو جمیل عطا فرمائے۔