پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملہ کی شدید مذمت

حملہ بزدلانہ کارروائی ہے٬دہشت گرد ایسی کارروائیوں سے پاک فوج٬ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی عوام کے دہشت گردی کیخلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے٬ میاں کاشف اشفاق

منگل 25 اکتوبر 2016 16:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے٬ رات کے اندھیرے میں دہشت گردوں کا یہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے٬ وہ اس طرح کی کارروائیوں سے پاک فوج٬ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی عوام کے دہشت گردی کیخلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے بعض ہمسایہ ممالک کے اشاروں پر امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اپنے عزائم میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی وارداتیں کرنے والے امن و ترقی کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں ٬ انتہا پسندوں اور وطن دشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر اور عوام اپنی فوج ٬ حساس اداروں اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس بات کا عزم رکھتے ہیں کہ مادر وطن سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کے اظہار سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاکی ہے۔

متعلقہ عنوان :