وزیراعظم کے پاس درست مشورے دینے والے مشیرہوتے تو ملک میں سیاسی ٹکرائو کا ماحول پیدا نہ ہوتا٬ سپیکرسندھ اسمبلی

دہشت گردی اس وقت تک نہیں رک سکتی جب تک کے پی کے اور بلوچستان کی پڑوسی ممالک سے سرحدوں کو سیل نہ کردیا جائے٬ آغاسراج درانی عمران خان اپنی مرضی چلانے کے بجائے سیاسی روایات پر عمل کریں ٬سیاسی دائرے میںرہتے ہوئے احتجاج کریں٬ پیپلزپارٹی بھی پانامہ لیکس پر وزیراعظم کے پالیسی سے اتفاق نہیں کرتی ٬ میڈیا سے بات چیت

منگل 25 اکتوبر 2016 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے کہاہے کہ وزیراعظم کے پاس درست مشورے دینے والے مشیرہوتے تو ملک میں سیاسی ٹکرائو کا ماحول پیدا نہ ہوتااور عمران خان کو من مانی کا موقعہ نہ ملتا٬پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدیں سیل کئے جانے تک ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوسندھ اسمبلی میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

آغاسراج درانی نے سانحہ کوئٹہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میں شہداء سے اظہار یکجہتی کرتاہوں ۔اس طرح کے واقعات سے دل خون کے آنسو روتا ہے ۔جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے فیصلہ کن کارروائی شروع کی ہے٬دعاگوہوں کہ وہ اپنے مقصدمیں کامیاب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اس وقت تک نہیں رک سکتی جب تک کے پی کے اور بلوچستان کی پڑوسی ممالک سے سرحدوں کو سیل نہ کردیا جائے۔

سرحدیں محفوظ بنانے کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو مظبوط منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناممکن ہے اسے کم کرنے کے لیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔دنیا میں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی ہے ۔اسپیکرنے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے آئین اور اداروں کو تسلیم نہ کرنا اور اپنی مرضی چلانا سیاسی روایت نہیں ہے۔مسلم لیگ نون اور نوازشریف کے پاس سیاسی شعور رکھنے والے افراد کی کمی ہے۔

جس کی وجہ سے پانامہ لیکس اور دوسرے ایشوز پر ملک میں سیاسی محاذ آرائی شروع ہوگئی ہے جبکہ عمران خان کو بھی من مانی کا موقعہ ملا ہے۔اسپیکرنے کہا کہ عمران خان اپنی مرضی چلانے کے بجائے سیاسی روایات پر عمل کریں اور سیاسی دائرے مین رہتے ہوئے احتجاج کریں۔آغا سراج درانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی بھی پانامہ لیکس پر وزیراعظم کے پالیسی سے اتفاق نہیں کرتی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ایک سوال کے جواب آغاسراج درانی نے کہاکہ شکارپور ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی امیدوار کو کم ووٹ ملنے پر بلاول بھٹو نے کمیٹی قائم کردی ہے٬قائم علی شاہ کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی معاملے کی تحقیقات کریگی۔