سری لنکن قائد اینجلومیتھیوز فٹنس مسائل کے باعث دورہ زمبابوے سے دستبردار٬ رنگناہیراتھ ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کے کپتان مقرر

منگل 25 اکتوبر 2016 15:02

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) سری لنکن ٹیم کے کپتان اور آل رائونڈر اینجلومیتھیوز فٹنس مسائل کے باعث دورہ زمبابوے سے باہر ہو گئے٬ ان کی جگہ اپل تھرنگا کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ جادوگر سپنر رنگناہیراتھ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 29 اکتوبر سے ہو گا۔

(جاری ہے)

میتھیوز نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ایم آر آئی سکین کی رپورٹ کے مطابق میری ٹانگ میں کئی انجریز ہیں اور ڈاکٹرز نے مجھے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث میں نے دورہ زمبابوے سے دستبرداری اختیار کی ہے تاہم امید ہے کہ دسمبر میں دورہ جنوبی افریقہ کیلئے فٹ ہو جائوں گا۔ میتھیوز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہیراتھ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے جبکہ بلے باز اپل تھرنگا کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہیراتھ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے والے دوسرے سری لنکن بائولر ہونے کا اعزاز حاصل کریں گے۔