محکمہ زراعت کے افسران و زرعی توسیعی کارکنان کو گندم کی فصل کے نمائشی پلاٹس مقررکردہ ہدف اور لے آئوٹ پلان کے مطابق لگوانے کی ہدایت

منگل 25 اکتوبر 2016 14:36

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)محکمہ زراعت کے افسران و زرعی توسیعی کارکنان کو گندم کی فصل کے نمائشی پلاٹس مقررکردہ ہدف اور لے آئوٹ پلان کے مطابق لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی جگہ پر زرعی لوازمات ٬ بیج ٬ کھاد٬ جڑی بوٹی کش زہروں کی دستیابی کے ضمن میں کسی مسئلہ کاسامنا یا ان کی کمی ہوتو فوری طورپر متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسرزراعت ٬ اسسٹنٹ کمشنر یا ضلعی انتظامی حکام کوآگاہ کیاجائے تاکہ اس سلسلہ میں فوری اقدامات کو یقینی بنانے میںمدد مل سکے ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ زرعی توسیعی کارکنان سے کہاگیاہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے مناسب مقامات ٬دیواروں ٬ پرجیوں٬ سائن بورڈز پر گندم کی کاشت کیلئے اہم ماٹوز اور زرعی عوامل واضح طور پر لکھوائیں تاکہ کاشتکاروں تک زیادہ سے زیادہ معلومات پہنچائی جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت توسیع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلع ٬ تحصیل ٬یونین کونسلز کی سطح پر کسانوں و کاشتکاروں کیلئے گندم سے متعلق ریفریشر کورسز کااہتمام کریں جن میں زرعی تحقیقی اداروں اوراڈاپٹو ریسرچ کے ماہرین و سائنسدانوں اور ریسرچ سکالرز کو مدعو کیاجائے تاکہ وہ کاشتکاروں کو گندم کی نئی اقسام و کاشتی امور سے روشناس کرواسکیں۔