فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے پھپھوندی لگی پرالی کے استعمال سے گریز کی ہدایت

منگل 25 اکتوبر 2016 14:36

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)لائیو سٹاک فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے پھپھوندی لگی پرالی کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ مویشی پال حضرات جانوروں کی حفاظت اور مویشیوں کو صحت مند ٬ تندرست و توانا رکھنے کیلئے سبز چارے یا سائلیج سے استفادہ کریں کیونکہ پرالی کے استعمال سے جانورمختلف موزی موسمی و متعدی امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس طرح جہاں دودھ کی پیداوار میں کمی واقع ہو سکتی ہے وہیں گوشت کی پیداوار میں بھی تیزی سے کمی واقع ہونا شروع ہو جاتی ہے ۔محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ موسم سرما کی آمد کے باعث جانوروں و مویشیوں میں دیگر امراض کے ساتھ ساتھ ڈیگ نالہ کا مرض بھی شدت اختیار کرسکتاہے جس کے باعث مویشیوں کے تھنوں پر زخم آجاتے ہیں جبکہ ٹانگوں میں سوزش سمیت پائوں ٬ کان اور دم بھی گلنا شروع ہو جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی کوئی بھی علامت ظاہر ہوتے ہی مویشی پال حضرات فوری طور پر کسی مستند ویٹرنری ڈاکٹر یا لائیوسٹاک کے ہسپتالوں و ڈسپنسریوں سے رابطہ کریں تاکہ بیماری کو بڑھنے سے بچایاجاسکے۔