تمام پولیس افسران کو ہنگامی صورتحال میں فوری رابطوں کیلئے اپنے موبائل فون ہمہ وقت آن رکھنے کی ہدایت

منگل 25 اکتوبر 2016 14:35

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) سٹی پولیس آفیسر فیصل آبادافضال کوثر نے تمام پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت اپنے موبائل فون آن رکھا کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کے ساتھ فوری رابطہ ممکن ہو سکے٬ اگر کسی موقع پر دوران رابطہ کسی پولیس اہلکار یا افسر کا موبائل فون بند پایا گیا تو اس سے سخت باز پرس کی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو کرائم کے خلاف لڑنے اور کامیابی کے حصول کیلئے ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہو گا ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک فرسودہ تھانہ کلچر کو تبدیل نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں دشواریوں کا سامنا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کسی بھی تھانہ کے علاقہ میں اگر کوئی واقعہ رونما ہوا تو اس کی فوری اطلاع متعلقہ ایس ایچ اوانہیں کرنے کا پابند ہو گا جس میں غفلت کو سنگین کوتاہی تصور کیاجائیگا۔

اگر کوئی بھی غیر قانونی حرکت یا پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی پی او نے کہا کہ تمام پولیس افسران و ملازمین ڈیوٹی اور ریڈ کے دوران یونیفارم میں ہونگے اسی طرح ضلع سے باہر جانے سے پہلے تمام افسران اپنے ٹائون ایس پی اور انہیں اطلاع کرنے کے بھی پابند ہونگے۔انہوںنے کہا کہ سنگین وارداتوں کی صورت میں ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز ماتحت عملہ پر انحصار کرنے کی بجائے خود جائے وقوعہ پر پہنچیں ۔

انہوںنے کہاکہ وہ جرائم کی صورتحال اور مقدمات کے اندراج کا جائزہ لینے کیلئے ٹائون کی سطح پر اجلاس منعقد کیا کریں گے جبکہ مقدمات کے اندراج میں سستی ٬کوتاہی قطعی برداشت نہیں ہوگی۔انہوںنے ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو اوراشتہاریوں کا رجسٹر مکمل کیا جائے۔ انہوںنے شادی بیاہ کے مواقع پر ہوائی فائرنگ روکنے ٬ اسلحہ کی نمائش کے انسداد ٬ پتنگ بازی کی انتہائی سختی سے روک تھام ٬ منشیات ٬ جوئے ٬ عصمت فروشی کے اڈوں کے خلاف آپریشن کریک ڈائون ٬ ٹھیکری پہرا کا نظام مؤثر بنانے ٬ شاپس اینڈ سکیورٹی ایکٹ کے تحت بڑی دوکانوں اور شورومز پر سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی ٬ لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی روکنے اور سنگین جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں کی رہائی کے بعد ان پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا ۔

متعلقہ عنوان :