کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد فیصل آباد کے اہم مقامات سمیت ڈویژن بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی

منگل 25 اکتوبر 2016 14:35

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پولیس ٹریننگ سنٹر سریاب روڈ کوئٹہ پرپیر اور منگل کی درمیانی رات ہونے والے دہشت گرد حملے میں زیر تربیت پولیس ریکروٹس کی شہادت کے افسوسناک سانحہ کے بعد فیصل آباد کے اہم مقامات سمیت ڈویژن بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشکوک عناصر اور مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کسی بھی قسم کی معمولات سے ہٹ کر ہونے والی مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں فوری ریسکیو15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد بلا ل صدیق کمیانہ نے سٹی پولیس آفیسر فیصل اور جھنگ ٬ ٹوبہ ٹیک سنگھ٬ چنیوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو تمام ممکن تحفظ کی فراہمی سمیت سرکاری دفاتر ٬حساس تنصیبات ٬ اہم مقامات اور سیاسی و مذہبی شخصیات کو مکمل سکیورٹی کور فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حساس اداروں کے ساتھ بھی ہر قسم کی معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جائے اور اگر کسی جگہ کومبنگ آپریشن یا ٹارگٹ آپریشن کی ضرورت محسوس ہو تو اس میں کسی تاخیر ٬کوتاہی ٬غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ہمہ وقت نگرانی کا عمل سخت بنایا جائے اور بوقت ضرور ت سرچ آپریشن سے بھی گریز نہ کیا جائے۔

دوسری جانب ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر محمد سعید شیخ سمیت دیگر صنعتی ٬ کاروباری ٬ تجارتی ٬ سیاسی٬مذہبی٬ دینی ٬ عوامی تنظیموں کے عہدیداران و ممبران نے بھی دہشت گردی کے مذکورہ بزدلانہ حملہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے اس وقت اس قسم کے واقعات شروع کر دیئے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے بعض ہمسایہ ممالک کے اشاروں پر سی پیک کے منصوبہ کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اپنے عزائم میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی وارداتیں کرنے والے امن و ترقی کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں ٬ انتہا پسندوں اور وطن دشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر اور عوام اپنی فوج ٬ حساس اداروں اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس بات کا عزم رکھتے ہیں کہ مادر وطن سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کے اظہار سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاکی ہے۔

متعلقہ عنوان :