کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملہ کی انٹیلی جنس اطلاع موجود تھی ٬ پاک فوج ٬ ایف سی اور پولیس نے بہترین رابطے کا مظاہرہ کیا ٬ سیکیورٹی اداروں نے جان کی بازی لگا کر قیمتی جانوں کو بچایا٬ دہشت گردوں کو شہر میں موقع نہیں ملا تو انہوں نے مضافات میں کارروائی کی ٬ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کی پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت

منگل 25 اکتوبر 2016 14:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج میں زیرتربیت اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملہ کی انٹیلی جنس اطلاع موجود تھی ۔ پاک فوج ٬ ایف سی اور پولیس نے بہترین رابطہ کا مظاہرہ کیا ۔

سیکیورٹی اداروں نے جان کی بازی لگا کر بہت سی قیمتی جانوں کو بچایا ۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کاکہناتھاکہ جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں جام شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی مثالی رہی تین چار روز پہلے ہائی الرٹ بھی کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کو شہر میں موقع نہیں ملا تو انہوں نے مضافات میں کارروائی کی ۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے ۔ نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ تین چار روز قبل انٹیلی جنس اطلاعات موجود تھیں ہم نے پورے شہر اور صوبہ میں ہائی الرٹ کروایا ہوا تھا تین چار روز پہلے ہمیں پتہ تھا کہ کوئی دہشت گرد کوئٹہ شہر میں داخل ہوئے ہیں خود کش حملہ آور دہشت گردی کے ارادے سے داخل ہوئے ہیں اس حوالہ سے ہم کافی الرٹ تھے شاید دہشت گردوں کو کوئٹہ شہر کے اندر موقع نہیں ملا تو وہ پولیس ٹریننگ سینٹر پہنچ گئے ۔