Live Updates

نواز شریف ملک کیلئے سکیورٹی رسک بن گئے ہیں٬ عمران خان

سیکیورٹی لیکس کے ذریعے فوج کو بدنام کیا گیا لہذا لیکس کے ذمہ داران کو فوری سامنے لایا جائے٬ ہم جب کچھ کرنا چاہتے تو کچھ نہ کچھ ہو جاتا ہے٬ پتہ چلنا چاہیے کہ ملک کے میر جعفر اور میر صادق کون ہیں٬ وزیر دفاع صرف اپوزیشن پر الزام تراشی میں لگے ہیں٬ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 14:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کودہشت گرد کہنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے لیکن نوازشریف بھارت کے خلاف چپ کیوں ہیں جب کہ نواز شریف ملک کیلیے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کہہ رہے ہیں کہ صوبے میں بھارت مداخلت کررہا ہے تو وزیراعظم نے عالمی فورمز پراس حوالے سے بات کیوں نہیں کی٬ نواز شریف نے اقوام متحدہ سمیت دیگر فورم پربھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کا معاملہ کیوں نہیں اٹھایا جب کہ مودی پاکستان کودہشت گرد کہنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے لیکن نوازشریف بھارت کے خلاف چپ کیوں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم جب کچھ کرنا چاہتے تو کچھ نہ کچھ ہو جاتا ہے٬ پتہ چلنا چاہیے کہ ملک کے میر جعفر اور میر صادق کون ہیں جب کہ وزیر دفاع صرف اپوزیشن پر الزام تراشی میں لگے ہیں اور ان کی حکومت صرف نوازشریف کی کرپشن بچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ہے٬ سیکیورٹی لیکس کے ذریعے فوج کو بدنام کیا گیا لہذا لیکس کے ذمہ داران کو فوری سامنے لایا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات