Live Updates

نواز شریف پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کامعاملہ بین الاقوامی سطح پرکیوں نہیں اٹھایا گیا۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کہہ چکے ہیں کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے تو وزیراعظم نواز شریف کیوں بھارت کا نام نہیں لیتے اور انھوں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبوشن یادیو کا معاملہ اقوام متحدہ میں کیوں نہیں اٹھایا۔ بھارت ایک نئی ڈاکٹرائن پر کام کر رہا ہے، وہ فوجی طریقے سے پاکستان کو ختم نہیں کرسکتے لہذا اندرونی طور پر انتشار پھیلارہے ہیں تاکہ یہاں اصلاحات نہ ہوں اور پاکستان میں کرپشن کے خلاف تحریک بھی کام نہ کرے، یہ بھی بھارت کی سازش ہے۔عمران خان کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 25 اکتوبر 2016 14:15

نواز شریف پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔ بلوچستان میں بھارتی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25اکتوبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں زیرتربیت اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کے اس واقع میں ملوث ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک نئی ڈاکٹرائن پر کام کر رہا ہے، وہ فوجی طریقے سے پاکستان کو ختم نہیں کرسکتے لہذا اندرونی طور پر انتشار پھیلارہے ہیں تاکہ یہاں اصلاحات نہ ہوں اور پاکستان میں کرپشن کے خلاف تحریک بھی کام نہ کرے، یہ بھی بھارت کی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کچھ نہ کچھ ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ اگر کوئٹہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے پیچھے بھی بھارت ہے اور حکومت کو اس کی تحقیقات کرکے اسے عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے۔ ان تمام حالات کا ذمہ دار وزیراعظم کو قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کامعاملہ بین الاقوامی سطح پرکیوں نہیں اٹھایا گیا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناءاللہ زہری یہ کہہ چکے ہیں کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے تو وزیراعظم نواز شریف کیوں بھارت کا نام نہیں لیتے اور انھوں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبوشن یادیو کا معاملہ اقوام متحدہ میں کیوں نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو بد نام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے اور اگر چین، پاکستان کے ساتھ کھڑا نہ ہوتا تو مودی نے پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلوا دینا تھا۔ عمران خان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ہمارے وزیر دفاع مودی کے پاکستان مخالف بیانات جواب دینے کے بجائے حکومت کی کرپشن کو بچانے کے لیے اپوزیشن پر الزامات لگاتے رہتے ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہاکہ نواز شریف صرف پاناما لیکس کی تحقیقات سے بچنا چاہتے ہیں اور ہمارے وزراءکا کام صرف نواز شریف کو پاناما لیکس کی تحقیقات سے بچانا ہے۔اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 2 نومبر کو 10لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور اسے کوئی تبدیل نہیں کرسکتا۔پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت جان بوجھ کر ایک پروپیگنڈا کر رہی ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد دھرنے کے لیے کالعدم تنظیموں کو دعوت دے رہی ہے، ہم اسے رد کرتے ہیں، جو لوگ اپنی بیٹیوں، بچوں اور خاندانوں کو احتجاج کی دعوت دیتے ہیں وہ تشدد کو فروغ نہیں دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل ایک علیحدہ تنظیم ہے، جس نے 28 تاریخ کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، ہم نے کسی کو دعوت نہیں دی، ہماری دعوت پاکستان کے مظلوم لوگوں، طلبہ، کسانوں اور ان تمام طبقات کے لیے ہے جو پاکستان میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات