کوئٹہ حملے کی مذمت:دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے٬پیپلزپارٹی

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی٬دکھ کی اس گھڑی میں شہید اہلکاروں کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں٬ آصف زرداری٬رحمن ملک

منگل 25 اکتوبر 2016 14:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ٬آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔

اپنے الگ الگ بیان میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں نے کہا کہ کوئٹہ حملے میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس پر دلی صدمہ پہنچا ہے اور ہم دکھ کی اس گھڑی میں واقعہ کے متاثرین کیساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے اور دہشت گردی کیخلاف بے پناہ قربانیاں دے چکے ہیں ٬ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلہ پست نہیں کرسکتے ٬دہشت گردجانوروں سے بدترہیں٬بزدل ہیں جنہوں نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا٬دہشتگردبزدلانہ کارروائیوں سے ملک کوغیرمستحکم کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حملے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلزپارٹی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے٬ دونوں رہنمائوں نے شہید اہلکاروں کے ورثاء سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :