دل کے آپریشن کے بعد شہریارخان نے دوبارہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا

منگل 25 اکتوبر 2016 14:12

دل کے آپریشن کے بعد  شہریارخان نے دوبارہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) شہریارخان نے دوبارہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا٬ وہ گزشتہ روز 2 گھنٹے قذافی اسٹیڈیم میں موجود رہے٬چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے آئی سی سی اجلاس پر بریفنگ دی٬ بعد ازاں ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے ملاقات میں مختلف امور زیر غور رہے۔تفصیلات کے مطابق سانس لینے میں تکلیف محسوس کرنے پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے دل کا آپریشن انگلینڈ میں ہوا تھا٬ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں آرام کا مشورہ دیا تھا٬سابق سفارتکار 2 ماہ تک لندن میں اپنی رہائش گاہ پر مقیم رہے٬قواعد کے مطابق گورننگ بورڈ کی جانب سے کسی قائم مقام چیئرمین کا تقرر نہ کیے جانے پر اطلاعات گردش میں تھیں کہ سابق سفارتکار شاید اپنا عہدہ چھوڑ دیںگے لیکن انھوں نے وطن واپسی کے بعد اگلے ہی روز آسٹریلوی آرمی کرکٹ ٹیم کو دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی٬ پیر کو وہ ہاتھ میں چھڑی اور سر پر کیپ لیے دوپہر 12بجے پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم آئے اور2گھنٹے قیام کیا۔

(جاری ہے)

شہریار خان کو پہلے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے آئی سی سی اجلاس پر بریفنگ دی٬ بعد ازاں ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی٬ بورڈ کے ملازمین ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اچھی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے نظر آئے٬ گھر روانگی کے وقت نجم سیٹھی ان کو رخصت کرنے کیلئے گاڑی تک آئے۔