تمام اداروں کی موجودگی میںدھرنوں اور احتجاج کا کوئی جواز نہیں

عمران خان ہر صورت وزارت عظمیٰ کا منصب حاصل کرنا چاہتے ہیں٬غلام احمد بلور

منگل 25 اکتوبر 2016 13:58

تمام اداروں کی موجودگی میںدھرنوں اور احتجاج کا کوئی جواز نہیں

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں حالات خراب کر کے آمریت کا راستہ ہموار کرنا چاہتے ہیں اور وہ ہر صورت وزارت عظمیٰ کا منصب حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اسمبلی میں اقلیتی جماعت اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتی ہے جو جمہوری اقدار کے برعکس ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ باقی تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے اور ایک شخص ایسا ہے جو چاہتا ہے کہ جس طرح بھی ہو وہ وزیراعظم بن جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان جمہوریت چاہتے ہی نہیں بلکہ وہ ملک سے جمہوریت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی موجودگی میں اس طرح کے دھرنوں اور احتجاج کا کوئی جواز نہیں‘ عمران خان چاہتے ہیں کہ لوگ مریں اور انہیں اقتدار مل جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اقلیتی پارٹی چاہتی ہے کہ جو کچھ وہ چاہتے ہیں وہ ہو جائے حالانکہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ جمہوری معاشرے میں جمہوری قدریں اہم ہوتی ہیں جن پر جمہوریت پسند جماعتوں کو کاربند رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے فیصلے کرنے ہوتے ہیں‘ اس پر کوئی اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔

متعلقہ عنوان :