پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنیوالوں کا تعلق لشکر جھنگوی العالمی سے تھا ٬ انھیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں٬ ممکن ہے کہ کچھ پولیس اہلکار بھی حملہ آوروں سے ملے ہوئے ہوں٬ سکیورٹی اداروں نے اس سے قبل حالیہ مہینوں میں کئی بار حملوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا ٬ شدت پسندوں نے محرم کے موقعے پر بڑے حملے کا منصوبہ بنایا تاہم سکیورٹی اداروں نے ناکام بنا دیا

آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کی میڈیا سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 13:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے کہاہے کہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنیوالے والے حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی سے تھا اور انھیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔گزشتہ روز رات گئے پولیس ٹریننگ سینٹر پرحملے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے خیال ظاہر کیا کہ ممکن ہے کہ کچھ پولیس اہلکار بھی حملہ آوروں سے ملے ہوئے ہوں۔

میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے اس سے قبل حالیہ مہینوں میں کئی بار حملوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔ انھوں نے بتایا کہ شدت پسندوں نے محرم کے موقعے پر بھی ایک بڑے حملے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم سکیورٹی اداروں نے اسے ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس واقعے میں غیر ملکی سیکورٹی ایجنسیاں ملوث ہو سکتی ہیں۔

انھوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ یہ حملہ سکیورٹی میں کسی نقص کی وجہ سے ہوا٬ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایسی بات سامنے آئی تو اس کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی۔ایک دہشت گرد پہلے ہی خودکش دھماکا کرچکا تھا ٬2ہاسٹل کے داخلی راستے میں موجودتھے٬آئی جی ایف سی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک دہشت گردکوگولی ماری٬ دوسرے نے خود کو اڑالیا٬آئی جی ایف سی نے بتایا کہ دونوں خودکش دھماکوں میں اہلکار شہید اور زخمی ہوئے٬3سے 4گھنٹوں میں آپریشن مکمل کیاگیا۔

آپریشن میں پاک فوج کے کمانڈوبٹالین٬ایف سی اورپولیس نے آپریشن میں حصہ لیا٬میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ یہ کھلی جنگ ہے٬پہلے بھی بہت سے حملے ناکام بنائے٬دس محرم کو بھی بڑے حملے کامنصوبہ ناکام بنادیاگیا٬آئی جی ایف سی نے کہا کہ جب اندر اور باہر کے دشمن ملے ہوئے ہوں تو ایسا ہوتا ہے٬ یہاں کے کچھ لوگوں نے دہشت گردوں کی مدد کی ہوگی۔