وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل کی پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ٬ْوفاقی وزیر کا بیان

منگل 25 اکتوبر 2016 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ منگل کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دہشتگرد اپنے بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کا مکمل صفایا کرنے کا پختہ عزم کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

قوم کا اتحاد اور اتفاق دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گا۔

کامران مائیکل نے اتوار کو یوم دعا منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ملک بھر سمیت جہاں جہاں پاکستانی مسیحی ہیں وہ گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ عبادات کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسیحی بہن بھائی غمزدہ خاندانوں کیلئے دعا گو ہیں اور دعا ہے کہ خدا ہمارے پیارے وطن کو دہشتگردی اور اس کے استحکام کے خلاف ہونے والی سازشوں سے محفوظ رکھے۔

متعلقہ عنوان :