قائم مقام صدر میاں رضا ربانی کی پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف قوم متحد ہے ٬ْ بیان دہشتگردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ٬ْ مولانا عبد الغفور حیدری

منگل 25 اکتوبر 2016 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) قائم مقام صدر میاں رضا ربانی نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف قوم متحد ہے۔منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ملک دشمن دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

قائمقام صدر نے قومی سلامتی کے اداروں کی دہشتگردوں کے خلاف کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف سخت ترین کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔ قوم قومی سلامتی کے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو زخمی ہونے والے افراد کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور زیر تربیت شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔ ایک بیان میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے پولیس ٹریننگ سینٹر سریاب روڈ کوئٹہ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف قومی سلامتی کے اداروں کی جاری کارروائیوں کی وجہ سے ملک دشمن دہشتگردوں نے شہروں کا رخ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ قائد ایوان سینیٹ راجہ ظفر الحق٬ قائد حزب اختلاف سینیٹ چوہدری اعتزاز احسن نے بھی کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے

متعلقہ عنوان :