Live Updates

تحریک انصاف کے موقف کے ساتھ ہیں ٬ْ عمران خان کا طریقہ کار غیر آئینی ہے ٬ْ قمر زمان کائرہ

اسلام آباد کو بند کر نے کی بات پاکستانی سیاست میں نئی چیز ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ٬ْ رہنما پیپلز پارٹی

منگل 25 اکتوبر 2016 13:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے واضح کیا ہے کہ اٴْن کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے مؤقف کے ساتھ ہے تاہم اختلاف صرف عمران خان کے طریقہ کار سے ہے جو غیر آئینی ہے۔ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تحریک انصاف ماضی میں بھی دھرنے اور ریلیاں نکالتی رہی ہے اور ہم نے ہر موقع پر ان کی حمایت کی تاہم اسلام آباد کو بند کرنے کی بات پاکستانی سیاست میں ایک نئی چیز ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت موجود نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش اکیلے چلنے کی ہے اور اگر کوئی جماعت اس طرح سے حکمت عملی بنانا چاہے تو اس کا پیچھا نہیں کیا جاسکتا۔انہوںنے کہاکہ درحقیقت پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کرنے کا نعرہ لگا کر حکومت کو طاقت کا استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جس سے وہ مزید مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے ہونے والے رابطے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جب کوئی بھی جماعت پارلیمنٹ میں ہوتی ہے تو رابطے تو ہوسکتے ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔

پیپلز پارٹی رہنمانے کہاکہ ان کی جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کہا کہ اگر حکومت ہمارے چار نکات پر عمل کرتی ہے تو ہم اسے کسی بھی مشکل میں نہیں ڈالیں گے تاہم معلامات اگر ایسے ہی چلتے رہے تو 27 اکتوبر کے بعد اپنے مارچ کا بھی اعلان کردیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم ایسا نہیں کریں گے جو پی ٹی آئی نے کیا ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے مارچ کا حصہ بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات