بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ میں پولیس کے تربیتی مرکز پر ہونے والے خودکش حملے کے سخت الفاظ میں مذمت

اچھے اور خراب دہشتگردوں والی پالیسی نہیں چلنی چاہیے اور دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بھی ختم کیا جائے٬ بلاول بھٹوزرداری

منگل 25 اکتوبر 2016 13:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں پولیس کے تربیتی مرکز پر ہونے والے خودکش حملے کے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 60اہلکار شہید جبکہ 120سے زائد زخمی ہوئے ہیں٬جاری کردہ بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دہشتگردوں کے اس خوفناک حملوں نے ہر پاکستانی کو ہلا کر رکھ دیا ہے٬ہماری تما م ہمدردیاں اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی روز اول سے اس بات پر زور دے رہی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو ان کے اصل روح کے مطابق عمل کرانے کی ضرورت ہے٬اس کے مخصوص نکات پر کسی صوابدید ی طریقے سے عمل کرانے کے بجائے پلان کے تمام نکات پر بھرپور عمل کرایا جائے٬انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کے لیے ایک پارلیامانی کمیٹی کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے خوفناک حملوں کو روکا جا سکے٬ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ اچھے اور خراب دہشتگردوں والی پالیسی نہیں چلنی چاہیے اور دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بھی بیک وقت ختم کیا جائے٬ انہوں نے کہا کہ یہ نظریات کی جنگ ہے جس کو قومی یکجہتی سے شکست دی جا سکتی ہے۔