مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں‘ پوری کشمیری قیادت کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے ٬ْسپیکر قومی اسمبلی

یاسین ملک کی حالت نازک ہے‘ پاکستان کی پارلیمنٹ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ٬ْسردار ایاز صادق کا خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 13:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں‘ پوری کشمیری قیادت کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے‘ یاسین ملک کی حالت نازک ہے‘ پاکستان کی پارلیمنٹ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے‘ پارلیمنٹس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور لوگوں پر تشدد رکوانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

وہ بین الپارلیمانی یونین کی جنرل اسمبلی کے 135ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حیثیت سے متعلق آزاد قومی کمیشن اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کا پارلیمنٹ کے ایکٹ کے ذریعے قیام بڑی کامیابیاں ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے دس سال کے دوران پارلیمنٹ میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے درجنوں بل منظور کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 87 خواتین ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ویمن پارلیمانی کاکس نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے عمل کے دوران توازن قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاہم صرف قانون سازی سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نہیں روکا جاسکتا اس کے لئے معاشرے میں شعور پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے سات معاہدوں پر توثیق کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹس اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ناکام ہو جائیں تو پھر حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں اور تنازعات سے نہیں بچا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف تشدد کی وجہ سے امن متاثر ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کرفیو کا سامنا ہے‘ اس سال جولائی سے اب تک 150 افراد بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ حق خودارادیت کے لئے منصفانہ مطالبہ کر رہے ہیں جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یہ حق دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت استصواب رائے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق انسانی کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اقوام متحدہ کا حقائق جاننے کے لئے مشن بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم‘ او آئی سی کے انسانی حقوق کے آزاد کمیشن اور اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین نے بھی بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے اور حقائق جاننے کے لئے مشن مقبوضہ کشمیر بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارت نے ان مطالبات کو بھی نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اس فورم کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے خلاف جاری ظلم و جبر اور تشدد کے خاتمے کے لئے ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کریں اور ایسے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کریں کہ تشدد کا فوری خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے اور ایک ممتاز کشمیری لیڈر یاسین ملک کی حالت اس وقت نازک ہے۔