پرویز رشید کی پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت

حکومت مادر وطن سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی ٬ْوزیر اطلاعات

منگل 25 اکتوبر 2016 13:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ‘ نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی کا ارتکاب کرنے والے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔منگل کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک کے دشمنوں کے عزائم کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مادر وطن سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ امن دشمنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہماری سیکورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی٬ وہ ہمارے ہیروز ہیں اور ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کررہے ہیں۔انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔